(پریس ریلیز)
امروز،فاضل عدالت عالیہ لاہور کے چیف جسٹس جناب خواجہ امتیاز احمد صاحب نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں منعقدہ پروقار تقریب میں پنجاب بھر کے عدالتی افسران کے لیے اکیڈمی کے مرتب کردہ اپنی نوعیت کے اولین اور بنیادی اہمیت کے حامل جنرل ٹریننگ پروگرام کے اولین ایڈیشن سال 2015 کاباقاعدہ افتتاح فرمایا۔
تقریب کے آغاز میں سانحہ پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ڈائیریکٹر جنرل اکیڈمی جناب سیّد خورشید انور رضوی نے پروگرام کے چیدہ چیدہ اغراض و مقاصد بیان کئے۔ اکیڈمی کے بور ڈ آف مینجمنٹ کے ممبر جناب جسٹس سید منصور علی شاہ نے اپنے خطاب میں عدالتی افسران پر زور دیا کہ وہ ٹریننگ سے بھر پور استفادہ حاصل کریں کیونکہ اس میں ان کی کارکردگی آئندہ ان کی ترقی و تبادلہ کے وقت مد نظر رکھی جائے گی۔مہمان خصوصی جناب چیف جسٹس صاحب نے اکیڈمی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عدالتی افسران اس ٹریننگ کے بعد زیادہ اعتماد کے ساتھ اعلیٰ معیاری اور بروقت انصاف فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔
تقریب میں فاضل عدالتِ عالیہ لاہور کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ جج صاحبان،اعلیٰ عدالتی شخصیات،اکیڈمی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبران پروگرام کے مہمان مقررین، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ، سینئر/ سول جج صاحبان ،جملہ سٹاف اکیڈمی، لاء افسران اورسینئر وکلاء صاحبان شریک ہوئے۔
اس پروگرام کا مقصدپنجاب کے ہر عدالتی افسر کو پیشگی اعلان کرد ہ سا لانہ شیڈول کے تحت رواں سال اور آئندہ ہر سال، اس کی استطاعتِ کار اور پیشہ وارانہ مہارت میں مسلسل اضافہ کے لیے ضروری تربیت مہیا کرنا ہے۔پروگرام کے مطابق پہلا تربیتی سیشن 05جنوری2015سے شروع ہوگا جس میں 14ڈسٹرکٹ سیشن جج صاحبان, 29 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبان اور 64سینئر سول جج/ سول جج صاحبان شریک ہوں گے۔
بتاریخ 31 دسمبر،2014