Ceremony of giving vehicles to Civil Judges in Lahore High Court

Friday, April 30, 2021

لاہور ہائی کورٹ میں 27 سول ججز کو گاڑیاں دینے کی تقریب

جسٹس سید شہباز علی رضوی نے سول ججز میں گاڑیوں کی چابیاں تقسیم کیں۔۔۔!!

30-04-2021

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان کی ہدایت پر زیرِ تربیت 27 سول ججز کو گاڑیاں دے دی گئیں۔ سول ججز کو گاڑیوں کی چابیاں دینے کی تقریب لاہور ہائی کورٹ کی نیو ججز لائبریری میں منعقد ہوئی۔اس تقریب میں جسٹس سید شہباز علی رضوی نے بطورمہمانِ خصوصی شرکت کی اور سول ججز میں گاڑیوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری محمد سعید اللہ ، قائم مقام ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی چودھری محمد سلیم، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیومن ریسورس محمد جاوید الحسن چشتی، ایڈیشنل رجسٹرار پی ،ڈی اینڈ آئی ٹی چودھری ضیاءاللہ، ایڈشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ رانا محمد عارف، ڈائریکٹر پروگرام پنجاب جوڈیشل اکیڈمی چوہدری محمد صدیق، ایڈشنل ڈائریکٹر پنجاب جوڈیشل اکیڈمی رانا عارف علی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے جسٹس سید شہباز علی رضوی کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہماری پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ججز کو بہترین تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ منصفی کا منصب اللہ تبارک و تعالیٰ کا عطا کردہ ہے، یہ منصب محض محنت اور لگن سے نہیں ملتا بلکہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے چنے گئے افراد کو بطور انعام ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہترین جوڈیشل آفیسر وہ ہوتا ہے جو بہترین فیصلے کرنے کا اہل ہو، ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ ہم اپنے ایک ایک عمل کے لئے اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں۔انہوں نے اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ زیر تربیت سول ججز اپنے فرائضِ منصبی نہایت محنت اور لگن سے سرانجام دیں گے۔